Abdulghaffar Madni

حصہ سوم: قیام اللیل میں معاون اسباب اور بیداری کی عملی تدابیر | Hissa Som: Qiyam-ul-Layl mein muawan asbab aur bedari ki amli tadabeer

قیام اللیل: حصہ سوم

حصہ سوم: قیام اللیل میں معاون اسباب اور بیداری کی عملی تدابیر

قیام اللیل ایک توفیقِ الٰہی ہے، لیکن بندے کے لیے کچھ ایسے ظاہری اور باطنی اسباب اختیار کرنا ضروری ہے جو اسے اس سعادت کے حصول میں مدد فراہم کریں اور ان رکاوٹوں کو دور کریں جو اس راہ میں حائل ہوتی ہیں۔


1۔ قیام اللیل کی فضیلت اور اہل اللہ کے مقام کی معرفت

بندے کو اس بات کا پختہ علم ہو کہ اہل تہجد اللہ کے نزدیک کتنا بلند مقام رکھتے ہیں۔ اللہ تعالیٰ نے ان کے حق میں ایمانِ کامل کی گواہی دی ہے اور انہیں علم والوں کی صف میں کھڑا کیا ہے۔ قیام اللیل دخولِ جنت اور بلند درجات کا سب سے بڑا ذریعہ ہے۔


2۔ شیطان کے مکر و فریب سے آگاہی

بیداری میں سستی پیدا کرنا شیطان کا قدیم وار ہے۔ اس حوالے سے نبوی تنبیہات کو سامنے رکھنا ضروری ہے:

* شیطان کا پیشاب کرنا: سیدنا عبداللہ بن مسعود ؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ کے سامنے ایک شخص کا ذکر آیا جو صبح تک سوتا رہا (اور فرض نماز کے لیے بھی نہ اٹھا) تو آپ ﷺ نے فرمایا:

ذَاكَ رَجُلٌ بَالَ الشَّيْطَانُ فِي أُذُنَيْهِ
“یہ وہ شخص ہے جس کے کان میں شیطان نے پیشاب کر دیا ہے۔” (صحیح بخاری: 1144)

* شیطان کی تین گرہیں: سیدنا ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ شیطان سوتے وقت انسان کے سر کے پیچھے تین گرہیں لگاتا ہے اور ہر گرہ پر افسوں پھونکتا ہے کہ “سو جا ابھی رات بہت باقی ہے”۔

فإِنِ اسْتَيْقَظَ فَذَكَرَ اللَّهَ انْحَلَّتْ عُقْدَةٌ، فَإِنْ تَوَضَّأَ انْحَلَّتْ عُقْدَةٌ، فَإِنْ صَلَّى انْحَلَّتْ عُقْدَةٌ
“پھر اگر وہ بیدار ہو کر اللہ کو یاد کرے تو ایک گرہ، وضو کرے تو دوسری، اور نماز پڑھے تو تیسری گرہ کھل جاتی ہے اور وہ چاق و چوبند خوش مزاج صبح کرتا ہے، ورنہ سست اور بدباطن رہتا ہے۔” (صحیح بخاری: 1142)

3۔ دنیا سے بے رغبتی اور موت کی یاد

خواہشات کی طوالت انسان کو سست کر دیتی ہے، جبکہ موت کی یاد عمل میں چستی پیدا کرتی ہے۔

* مسافر کی طرح زندگی: سیدنا عبداللہ بن عمر ؓ نے بیان کرد کہ رسول اللہ ﷺ نے میرا شانہ پکڑ کر فرمایا:

كُنْ فِي الدُّنْيَا كأَنَّكَ غَرِيبٌ أَوْ عَابِرُ سَبِيلٍ
”دنیا میں اس طرح ہو جا جیسے تو مسافر یا راستہ چلنے والا ہو۔“ (صحیح بخاری: 6416)

4۔ صحت اور فراغت کو غنیمت جاننا

نعمتوں کے چھن جانے سے پہلے ان کی قدر کرنا بیداری میں معاون ہوتا ہے۔

نِعْمَتَانِ مَغْبُونٌ فِيهِمَا كَثِيرٌ مِنَ النَّاسِ: الصِّحَّةُ وَالْفَرَاغُ
”دو نعمتیں ایسی ہیں کہ اکثر لوگ ان کی قدر نہیں کرتے، صحت اور فراغت۔“ (صحیح بخاری: 6412)

5۔ استقامت اور ترکِ قیام پر تنبیہ

قیام اللیل کو معمول بنا کر چھوڑ دینا اللہ کی ناراضگی کا سبب بن سکتا ہے۔

يَا عَبْدَ اللَّهِ، لاَ تَكُنْ مِثْلَ فُلاَنٍ كَانَ يَقُومُ اللَّيْلَ فَتَرَكَ قِيَامَ اللَّيْلِ
“اے عبداللہ! فلاں شخص کی طرح نہ ہو جانا جو رات کو قیام کرتا تھا پھر اسے چھوڑ دیا۔” (صحیح بخاری: 1152)

6۔ بستر کی نرمی میں اعتدال

بہت زیادہ نرم اور پرتعیش بستر غفلت کی نیند کا باعث بنتا ہے۔ سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے جب نبی ﷺ کے بستر کے بارے میں پوچھا گیا تو انہوں نے فرمایا:

إِنَّمَا كَانَ فِرَاشُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ الَّذِي يَنَامُ عَلَيْهِ مِنْ أَدَمٍ حَشْوُهُ لِيفٌ
“رسول اللہ ﷺ کا بستر چمڑے کا تھا جس کے اندر کھجور کی چھال بھری ہوئی تھی۔” (صحیح مسلم: 2082)

7۔ رزقِ حلال کا اہتمام

حرام لقمہ اعضاء کو عبادت کے لیے بوجھل کر دیتا ہے، جبکہ رزقِ حلال کی برکت سے بیداری آسان ہو جاتی ہے۔

يَا أَيُّهَا الرُّسُلُ كُلُوا مِنَ الطَّيِّبَاتِ وَاعْمَلُوا صَالِحًا
“اے رسولو! پاکیزہ چیزیں کھاؤ اور نیک عمل کرو۔” (المؤمنون: 51)

8۔ عملی و ظاہری تدابیر

  • جلد سونا: عشاء سے پہلے سونے اور اس کے بعد فضول بات چیت کرنے کو ناپسند کرنا تاکہ قیام کے لیے قوت حاصل رہے۔ (بخاری: 568)

  • قیلولہ: دن میں تھوڑی دیر آرام کرنا قیام اللیل میں ممد و معاون ہوتا ہے۔

  • کھانے میں اعتدال: رات کو بہت زیادہ کھانے سے پرہیز کرنا، کیونکہ بھرا ہوا پیٹ نیند کو گہرا اور بیداری کو مشکل بنا دیتا ہے۔


9۔ باطنی و روحانی اسباب (گناہوں سے پرہیز)

گناہ وہ زنجیریں ہیں جو انسان کو سجدہ ریزی سے روک دیتی ہیں۔ امام ثوری رحمہ اللہ سے منقول ہے کہ “کسی ایک گناہ کی بناء پر میں پانچ ماہ قیام اللیل سے محروم رہا۔”


10۔ اللہ تعالیٰ کی محبت اور اخلاص

قیام اللیل دراصل اللہ سے محبت کا امتحان ہے، کیونکہ محب اپنے محبوب سے مناجات کے وقت سوتا نہیں رہتا۔ اپنے دل کو مسلمانوں کے تئیں کینہ، بغض اور حسد سے پاک رکھنا اس عبادت کی روح ہے۔

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے